مظفرآباد، بارش نے اپر گوجرہ کے علاقے میں ایک بار پھر تباہی مچا دی

پیر 6 اکتوبر 2025 18:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) بارش نے اپر گوجرہ کے علاقے میں ایک بار پھر تباہی مچا دی۔ ویسٹرن بائی پاس سے ملحقہ گلیوں میں بارشی پانی کی وجہ سے بہہ کر آنے والا ملبہ مٹی، کوڑا کرکٹ عوام علاقہ کے لیے سوہان روح بن گیا۔ پیدل چلنا ناممکن جب کہ اکثر لوگوں کے گھروں میں بارشی پانی نے تباہی مچا دی۔ ویسٹرن بائی پاس سے ملحقہ گلیاں ناقابل استعمال ہو کر رہ گئیں۔

رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی ستھرائی کے لیے مشاورت شروع کر دی، چندہ کر کے گلیوں سے مٹی ملبہ نکالنے کے لیے سر جوڑ لیے گئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ایک عرصہ سے معمولی بارش کے بعد بھی اپر گوجرہ کی گلیوں میں مٹی ملبے کا ایک طوفان آ جاتا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف رہائشیوں کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑتا ہے بلکہ پیدل چلنا بھی ناممکن ہو کر رہ جاتا ہے، رہتی کسر بند سیوریج لائنوں نے پوری کر رکھی ہے، جس کی وجہ سے اپر گوجرہ کا علاقہ تعفن زدہ ہو کر رہ چکا ہے، رہائشیوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اپر گوجرہ میں آئے روز آنے والے مٹی ملبہ کی روک تھام کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اس مسئلے کا دیر پا حل نکالا جائے تاکہ اپر گوجرہ کے عوام بارشوں کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے محفوظ ہو سکیں۔