سرکاری افسران ایمانداری سے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف

پیر 6 اکتوبر 2025 19:00

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری کے ساتھ،قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں اور عوام کی بے لوث خدمت کو اپنا اولین مقصد بنائیں،وہ سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں وفاقی و صوبائی محکموں کے ڈویژنل و ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،اجلاس میں مسلم لیگ (ن) ہزارہ ڈویژن کے صدر اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار شاہجہان یوسف،مقامی عمائدین اور تحصیل ناظمین سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی،وفاقی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے سرکاری افسران کو بلا امتیاز اقدامات اٹھانے چاہئیں اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوامی خدمت کو یقینی بنانا چاہیے،انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے مختلف مسائل سے متعلق وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ محکمہ ہزیکو اور سوئی گیس کے افسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا،وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے 2005 کے زلزلے میں تباہ ہونے والے متعدد سکولوں اور ڈاڈر سپتال کی عدم تعمیر پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ان عمارات کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم کرے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔