سندھ حکومت مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے پرعزم ہے، صوبائی وزیر محمد علی ملکانی

منگل 7 اکتوبر 2025 16:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) سندھ حکومت صوبے کے مویشیوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے روس سے آئے ایک ویکسین تیار کرنے والے ادارے کے ماہرین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔صوبائی وزیر سے ملاقات کرنے والے فیڈرل انسٹیٹیوٹ آف رشیا کے ماہرین کے وفد میں ڈاکٹر وکٹر، ڈاکٹر الیگزینڈر، ڈاکٹر پیول اور ڈاکٹر ناتالیا شامل تھے۔

وفد نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ وہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں FMD اور LSD فری زونز قائم کر چکے ہیں اور گزشتہ 15 برسوں سے دنیا کے 25 ممالک میں مویشیوں کی بیماریوں کے خلاف ویکسین تیار کر رہے ہیں۔ وفد نے سندھ حکومت کو پیشکش کی کہ وہ سندھ میں بھی ویکسین کی تیاری اور مقامی ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کرنے میں تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ مستقبل میں وہ بہتر ماہرین بن سکیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس سے قبل ترکی اور امریکی ویکسین کا تجربہ کر چکی ہے، جبکہ روسی ویکسین کو بھی آزمائشی بنیادوں پر ایک متاثرہ زون میں استعمال کیا جائے گا۔ اگر نتائج اطمینان بخش رہے تو روسی ادارے کو باقاعدہ تعاون کا موقع دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کا ہدف ہے کہ صوبے کو مکمل طور پر FMD اور LSD فری زون بنایا جائے تاکہ مویشی پال طبقہ اپنے جانوروں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھ سکے۔