جونیئر ٹیچرز کی ہیڈ ماسٹر تقرری ،فریقین کو توہین عدالت کے نوٹس جاری

عدالت نے چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ سے جواب طلب کرلیا

منگل 7 اکتوبر 2025 15:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) سندھ ہائیکورٹ نے جونیئر ٹیچرز کی او پی ایس پر ہیڈ ماسٹر کی پوسٹ پر تقرری کے کیس میں فریقین کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کردئیے ۔عدالت نے چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ رفیق قریشی،ڈائریکٹر فنانس باسط بلو سمیت 13 افسران سے جواب طلب کرلیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں چیف سیکرٹری سندھ ،سیکریٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اعلی عدالتوں نے سول سرونٹس کی او پی ایس پر تعیناتی کو غیر قانونی قرار دے رکھا ہے ۔عدالت نے یکم ستمبر کو او پی ایس افسران کو ہٹا کر اہل اور مستقل افسران کو تعینات کرنے کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

عدالت کی مہلت کے باوجود سندھ حکومت اعلی عدالتوں کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی ہے ۔سندھ حکومت اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے اعلی عدالتوں کے فیصلوں پر عملدرآمد نا کرنا توہین عدالت کی ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ ،سیکریٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔عدالت نے فریقین کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کردئیے ۔

عدالت نے چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ رفیق قریشی،ڈائریکٹر فنانس باسط بلو سمیت 13 افسران سے جواب طلب کرلیا۔فریدہ شمسہ و دیگر نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت چلنے والے اسکولوں میں او پی ایس کے تحت جونئیر افسران کو ہیڈ ماسٹر کے عہدے پر تعیناتی کے خلاف عدالت سے رجوع کررکھا ہے