قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز کاکھیل

منگل 7 اکتوبر 2025 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز کے کھیل میں کراچی بلوز کے نوجوان بیٹر ہارون ارشد نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا یادگار آغاز کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔ مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں فیصل آباد کے خلاف جاری میچ میں کراچی بلوز نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لئے۔

ہارون ارشد نے 13 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ تجربہ کار بیٹر دانش عزیز 116 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دانش عزیز کی اننگز میں 17 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔ اوپنر صائم ایوب نے بھی 63 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں ملتان اور فاٹا کے درمیان میچ کے دوسرے روز فاٹا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز بنا لئے۔

(جاری ہے)

حسیب اللہ 29 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ آئوٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث صرف 36 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم ، راولپنڈی میں لاہور وائٹس نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ دن کے اختتام پر اسلام آباد نے ایک وکٹ کے نقصان پر 91 رنز بنا لئے۔ شامل حسین 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بہاولپور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بہاولپور نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز اسکور کیے۔ محمد عمار 30 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔