انگلینڈ، پرتگال اور ناروےکی ٹیمیں 2026 فیفا ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کے قریب پہنچ گئیں

بدھ 8 اکتوبر 2025 09:10

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) یورپی فٹبال کی بڑی ٹیمیں انگلینڈ، پرتگال اور ناروے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔اے ایف پی کے مطابق انگلینڈ، پرتگال اور ناروے کی ٹیمیں آئندہ چند میچوں میں کامیابی کی صورت میں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے لئے کوالیفائی کر لیں گی جو امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں شیڈول ہے۔

انگلینڈ نے سربیا کو 0-5 سے شکست دے کر اپنے گروپ کے میں 7 پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی ہے اور اگر وہ منگل کو لٹویا کو ہرا دے اور سربیا کی ٹیم آئندہ ہفتے کو البانیہ سے نہ جیتے تو انگلینڈ کی ٹیم کی ورلڈ کپ 2026میں جگہ یقینی ہو جائے گی۔ کوچ ٹامس ٹوخل نے ستمبر میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد برقرار رکھا ہے اور بیلنگھم، فوڈن اور گریلیش جیسے بڑے ناموں کو حالیہ سکواڈ سے باہر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

پرتگال بھی اپنے گروپ میں سرفہرست ہے اور ایک فتح کی دوری پر ہے۔ ناروے کی ٹیم 1998 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے کے قریب ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے ناروے کی ٹیم ایک فتح کی دوری پر ہےجبکہ اٹلی مسلسل تیسرے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ سربیا اور البانیہ کے درمیان مقابلہ گروپ کی دوسری پوزیشن کے لیے فیصلہ کن ہوگا۔