دبئی ایئر شو ، منتظمین کا اسرائیلی کمپنیوں کو شریک نہ کرنے کا اعلان

بدھ 8 اکتوبر 2025 10:40

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) دبئی ایئر شو کے منتظمین نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ رواں سال دبئی میں ہونے والے ایئر شو میں اسرائیلی کمپنیوں کو اجازت نہیں دی جائے گی۔العربیہ نے ایئر شو کے لیے ڈائریکٹر انفورما ٹموتھی ہاویس کی پریس کانفرنس کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ ماہ منعقد کیے جانے والے بین الاقوامی ایئر شو میں اسرائیلی کمپنیاں شریک نہیں ہو سکیں گی۔

مشرق وسطیٰ کی مخصوص صورتحال میں یہ تصدیق اس لیے اہم ہے کہ اسرائیل نے رواں سال کے شروع میں ہی صورتحال کو بھانپ لیا تھا اور اس کے میڈیا نے رپورٹ کر دیا تھا کہ اسرائیل اس سال دبئی ایئر شو میں حصہ نہ لے گا،تاہم دبئی ایئر شو کے منتظمین کی طرف سے اسرائیلی کمپنیوں کو روکنے کی وجوہات بارے کچھ نہیں بتایا گیا۔

(جاری ہے)

البتہ یہ واضح ہے کہ غزہ میں جنگ نے عرب امارات سمیت ہر کسی ملک کے شہریوں کو ایک رد عمل کا شکار کیا جبکہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کو بھی جبری طور پر اسرائیل سے مستقل جوڑنے کی باتیں بھی تیز کر کے ناراضگی کو اور بڑھایا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے مقبوضہ مغربی کنارے کے اسرائیل سے جبری انخلا بارے سختی سے خبردار کر رکھا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کا اسرائیل سے کوئی بھی الحاق ابوظہبی کی سرخ لکیر عبور کرنے کے مترادف ہوگا۔