این ڈی ایم اے کا پیشگی آگاہی نظام عالمی معیار تک پہنچ چکا ،پاکستان آفات سے نمٹنے کے لیے نیشنل ریسورس نیٹ ورک قائم کر رہا ہے، چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک

بدھ 8 اکتوبر 2025 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے کا پیشگی آگاہی نظام عالمی معیار تک پہنچ چکا ہے،پاکستان آفات سے نمٹنے کے لیے ایک نیشنل ریسورس نیٹ ورک قائم کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو قومی یوم استقامت کے موقع پراپنےخصوصی پیغام میں کیا۔

این ڈی ایم اے میں نیشنل ریزیلئنس ڈے کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہاکہ 8 اکتوبر ہمیں 2005 کے زلزلے اور دیگر آفات کی یاد دلاتا ہے،اس دن کا مقصد آفات سے نمٹنے کی قومی صلاحیت اور عزم کو اجاگر کرنا ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ 2005 سے 2025 تک آنے والی تمام آفات سے حاصل تجربات ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام رضاکاروں اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قوم نے ہر آفت میں یکجہتی اور مدد کے جذبے سے ثابت کیا کہ ہم مضبوط قوم ہیں۔

ا ن کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کا پیشگی آگاہی نظام عالمی معیار تک پہنچ چکا ہے،اب آفات سے متعلق معلومات بروقت عوام اور متعلقہ اداروں تک پہنچ رہی ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اداروں،مسلح افواج اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے،پاکستان آفات سے نمٹنے کے لیے ایک نیشنل ریسورس نیٹ ورک قائم کر رہا ہے۔ انہوں نے آفات سے متعلق تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے افواجِ پاکستان، فلاحی اداروں اور رضا کاروں کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں وزرا، ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ قومی یوم استقامت کا مقصد مضبوط اور محفوظ پاکستان کی جانب پیش قدمی ہے۔