گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے کے سلسلہ میں پینل ڈسکشن کا انعقاد

بدھ 8 اکتوبر 2025 11:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے کے سلسلہ میں پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان "سوشل میڈیا کا تعلیم و تربیت میں کردار اور دینی و اخلاقی ذمہ داریاں (تعلیماتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں)"تھا۔ یہ پروگرام ادارہ عربی و علومِ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے تعاون سے منعقد ہوا۔

پینل میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی جن میں انچارج ڈین فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، انچارج ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج اورچیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سائیکالوجی پروفیسر ڈاکٹر حافظ عدنان عادل شامل تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوان نسل کی تربیت اور کردار سازی میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے، بشرطیکہ اس کے استعمال میں اسلامی تعلیمات کی پاسداری کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ آن لائن دنیا میں سچائی، عدل، احترام، خیرخواہی اور توازن کو اختیار کرنا تعلیماتِ نبوی ﷺ پر عمل کا مظہر ہے۔

پروگرام کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کی، جنہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ ہے جسے اگر مثبت انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ تعلیم، تربیت اور اخلاقی شعور بیدار کرنے کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو اپنی سیکھنے، بڑھنے اور معاشرے میں بہتری لانے کے لیے استعمال کریں۔

پروگرام کے کامیاب انعقاد پروائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے ڈاکٹر سیدہ سعدیہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سیدہ سعدیہ ویمن یونیورسٹی کی طالبات کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بہترین رہنما کا کردار ادا کر رہی ہیں، انہوں نے اس سلسلے میں لا تعدادِ مذہبی تعمیری تقریبات کا انعقاد کیا ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔