ڈراما سیریل ’’جمع تقسیم‘‘ خواتین میں خاص طور پر بہت مقبول ہونے لگا

بدھ 8 اکتوبر 2025 12:36

ڈراما سیریل ’’جمع تقسیم‘‘ خواتین میں خاص طور پر بہت مقبول ہونے لگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) ڈراما سیریل ’’جمع تقسیم‘‘ خواتین میں خاص طور پر بہت مقبول ہورہا ہے کیونکہ اس میں جوائنٹ فیملی کے مسائل اور روزمرہ زندگی کی پیچیدگیوں کو دکھایا گیا ہے۔ہم ٹی وی پر پیش کیے جانے والے ڈراما سیریل جمع تقسیم میں لیلی نامی امیر گھر کی اکلوتی بیٹی اور مڈل کلاس گھرانے کے سب سے چھوٹے بیٹے قیس کے درمیان محبت کی کہانی دکھائی گئی ہے۔

ابتدائی اقساط میں قیس لیلی کو بتاتا ہے کہ شادی کے بعد اسے اپنے والدین، دو بھائیوں اور ان کے بچوں کے ساتھ رہنا ہوگا، چونکہ لیلی کے والدین اکثر گھر سے باہر مصروف رہتے ہیں، اس لیے وہ ہمیشہ سے ایسے گھر میں شادی کرنا چاہتی تھی جہاں تمام رشتے موجود ہوں۔شروع میں دونوں خاندان رشتے کے لیے رضامند نہیں ہوتے لیکن لیلی اور قیس کی ضد کے بعد آخرکار دونوں کی شادی ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں شادی کے کچھ دن بعد لیلی کو احساس ہوتا ہے کہ قیس کے خاندان کے خیالات اس سے بالکل مختلف ہیں۔جوائنٹ فیملی کے مسائل جیسے ایک دوسرے کی زندگی میں مداخلت، کھانے پینے کے معاملات پر جھگڑا، گھر کے کام کا بوجھ اور شادی شدہ بہن کی مداخلت، لیلی کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں، خاص طور پر کپڑے دھونا اور دیگر گھریلو کام کرنے میں اسے پریشانی کا سامنا ہے۔

اسی کے ساتھ جمع تقسیم میں ایک اور اہم مسئلہ بھی اجاگر کیا گیا ہے، قیس کا بھتیجا ذیشان اپنی چچا کی بیٹی سدرہ کو ہراساں کرتا ہے، جس پر گھر کے افراد کی لاپرواہی دکھائی گئی ہے۔بعدازاں لیلی جب اس مسئلے کو اٹھانے کی کوشش کرتی ہے تو اسے اس پر بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔حال ہی میں نشر ہونے والی قسط میں لیلی اور قیس کے درمیان گھر کے معاملات پر جھگڑا ہوتا ہے، جس پر لیلی الگ گھر کی ڈیمانڈ کر دیتی ہے، آنے والی اقساط میں اس مسئلے کو مزید پیچیدگیوں کے ساتھ دکھایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :