تین حمل ضائع ہونا تکلیف دہ عمل تھا، آمنہ ملک

اپنے بچوں کی عادتیں خراب نہیں کیں، انہیں گھر کی سادی غذائیں کھانے کی ترغیب دی

بدھ 8 اکتوبر 2025 12:36

تین حمل ضائع ہونا تکلیف دہ عمل تھا، آمنہ ملک
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) آمنہ ملک نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں دو بیٹیاں ہیں اور انہوں نے اپنے بچوں کی عادتیں خراب نہیں کیں، انہیں گھر کی سادی غذائیں کھانے کی ترغیب دی۔ان کے مطابق کبھی کبھار ان کے گھر آنے والے مہمان شکایات کرتے ہیں کہ ان کے بچے گھر کا کھانا نہیں کھاتے، وہ پیزا اور دوسری چیزیں کھاتے ہیں تو وہ ایسے مہمانوں کو ایسی چیزیں منگوا کر دینے سے صاف انکار کرتی ہیں اور انہیں بچوں کو گھر کا کھانا کھلانے کا ہی کہتی ہیں۔

آمنہ ملک نے کہا کہ انہیں جھوٹے لوگ بالکل پسند نہیں، وہ ایسے افراد کے ساتھ ایک دن بھی نہیں گزار سکتیں۔دماغی صحت اور ڈپریشن پر بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ دماغی مسائل کا سامنے کرنے والے شخص کو ماہرین کے پاس جانا چاہیے، وہ غلطی میں بھی اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے پاس جاکر باتیں نہ کریں، ان سے ان کے مسائل مزید بڑھیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے ساتھی اداکاراوں کو مشورہ دیا کہ وہ کچھ پیسے بچا کر کسی نہ کسی کاروبار میں سرمایہ کاری کریں جب کہ انہوں نے پروڈیوسرز سے بھی التجا کی کہ وہ ایسی اداکاراوں کو زیادہ کام دیں جو گھر کی کفالت کی ذمہ دار ہوتی ہیں۔

پروگرام کے دوران اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ جلد ہی ریئل اسٹیٹ کا کاروبار شروع کرنے والی ہیں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔ایک سوال کے جواب میں آمنہ ملک نے انکشاف کیا کہ ان کے تین حمل ضائع ہوئے تھے اور وہ عمل ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دو بیٹوں کو جنم دیا لیکن وہ مردہ پیدا ہوئے، پیچیدگیوں کے باعث ان کے ہاں قبل از وقت مردہ بچوں کی پیدائش ہوئی جب کہ ان کا ایک حمل ضائع ہوا۔

آمنہ ملک کا کہنا تھا کہ تین حمل ضائع ہونے سے قبل انہیں ایک بیٹی تھی جب کہ حمل ضائع ہونے کے بعد بھی انہیں ایک بیٹی ہوئی، جس کے بعد انہوں نے مزید بچوں کی پیدائش کی کوشش یا خواہش نہیں کی۔اداکارہ نے بتایا کہ حمل ضائع ہونے کے بعد بیٹی کی پیدائش ہوئی تو لوگوں نے انہیں کہا کہ ایک بیٹا بھی ہونا چاہیے لیکن وہ تکلیف سے گزر چکی تھیں، اس لیے انہوں نے سب کو کہا کہ اب اگر انہوں نے بچوں کی فرمائش کی تو وہ انہیں تھپڑیں ماریں گی۔

متعلقہ عنوان :