پنجاب فوڈاتھارٹی کی محلہ احمد پورہ سیالکوٹ میں کارروائی،جانوروں کی چربی سے تیارغیر معیاری تیل تلف کر دیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 12:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے محلہ احمد پورہ سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 200 کلو گرام جانوروں کی چربی اور بھاری مقدار میں غیر قانونی طور پر تیار کیا گیا تیل تلف کر دیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نےتیل کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان ضبط کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ۔

ترجمان نے کہا کہ رہائشی علاقے میں چھپ کر غیر معیاری طریقے سے چربی سے تیل تیار کیا جا رہا تھا۔ جانچ کے دوران چربی سے بنے تیل میں ضروری کیمیکل ’’میٹانل ڈائی‘‘ موجود نہ پایا گیا جبکہ موقع پر بائیو ڈیزل کمپنیوں کے ساتھ معاہدے سمیت دیگر اہم قانونی دستاویزات بھی دستیاب نہ تھیں۔ترجمان کے مطابق چربی سے تیار کردہ تیل صرف رجسٹرڈ بائیو ڈیزل کمپنیوں کو فروخت کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس تیل کا انسانی خوراک میں استعمال موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ کرنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں اور ایسے مکروہ کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :