Live Updates

مختلف ممالک میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے

چلی ا0رمیکسیکو میں مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانے بند کرنے کا مطالبہ کردیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 13:44

سڈنی/برلن/جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) غزہ پر اسرائیلی حملے کو 2 سال مکمل ہونے پر مختلف ممالک میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر کے ممالک میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا، امریکی شہر نیویارک میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کیا گیا جس دوران ہزاروں افراد نے فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن اور فرینکفرٹ میں مظاہرین کی جانب سے فری فلسطین کے نعرے لگائے گئے، مظاہرین نے اسرائیلی مظالم کے خلاف بینر بھی اٹھارکھے تھے ۔لندن میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا، دوسری جانب لاطینی امریکا کے ملکوں چلی اور میکسیکو میں مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانے بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

(جاری ہے)

ادھر برازیل میں احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں دیکھنے میں آئیں، انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا۔

مزید برآں سڈنی، پیرس، جنیوا، ایتھنز، استنبول اور اسٹاک ہوم سمیت کئی یورپی شہروں میں بھی فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی آج 2 سال بعد بھی جاری ہے۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات