لاہورہائیکورٹ، عدالتی کارروائی کی موبائل ویڈیو بنانیوالی ملزمہ کے کوائف تصدیق کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم

بدھ 8 اکتوبر 2025 18:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے عدالتی کارروائی کی موبائل ویڈیو بنانے والی ملزمہ کے شناختی کارڈ کے کوائف کی تصدیق کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ،دوران سماعت عدالتی حکم پر آرپی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ نے ملزمہ رومیلہ کو پیش کیا،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کورٹ رومز میں موبائل سے ویڈیوبناکر سوشل میڈیا پر وائرل کی جارہی ہیں،چیف جسٹس نے ملزمہ سے پوچھاآپ کا نام کیا ہے؟ ملزمہ نے بتایامیرا نام رومیلہ ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کا شناختی کارڈ کہاں ہے؟ ملزمہ نے شناختی کارڈ پیش کیا تو چیف جسٹس نے کہا کہ اس پرمستقل پتہ کراچی اورعارضی پتہ گوجرانوالہ کا جبکہ کارڈ کی چپ بھی نکلی ہوئی ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر آپ کو طلاق ہوچکی ہے تو شناختی کارڈ کو اپ ڈیٹ کیوں نہیں کروایا؟ کیا آپ سسٹم کو دھوکا دے رہی ہیں؟۔

(جاری ہے)

ملزمہ رومیلہ نے غیرمشروط معافی کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ معافی نانگتی ہیں۔ عدالت نے آر پی اوکو ہدایت دی کہ وہ ملزمہ کے شناختی کارڈ کی تصدیق کرکے کل رپورٹ پیش کریں۔