فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں گھانا کی شاندار کامیابی، سنٹرل افریقی ریپبلک کو 0-5 سے ہرا دیا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 10:50

اکرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) گھانا کی ٹیم نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنٹرل افریقی ریپبلک کو با آسانی 0-5گول سے شکست دے دی۔شنہوا کے مطابق یہ میچ مراکش میں سٹیڈ ڈی ہونور میکنیس، میکنیس کے مقام پر کھیلا گیا جہاں گھانا کی ٹیم نے ابتدا سے ہی سنٹرل افریقی ریپبلک پر مکمل برتری قائم رکھی۔

میچ کا پہلا گول بیسویں منٹ میں محمد سالیسو نے کارنر پر بڑی مہارت کے ساتھ ہیڈ کے ذریعے گیند کو جال میں پھینکا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر گھانا کوسنٹرل افریقی ریپبلک کے خلاف 0-1گول سے برتری حاصل تھی ۔دوسرے ہاف میں گھانا کی ٹیم مزید جارحانہ انداز میں کھیلی اور مزید 4 مزید گول سکور کیے۔ تھامس پارٹے، الیگزینڈر ڈجکو، کپتان جارڈن آیُو اور متبادل کھلاڑی کامل دین سلیمانہ نے یکے بعد دیگرے گول کر کے سنٹرل افریقی ریپبلک کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔

(جاری ہے)

اس فتح کے بعد گھانا گروپ آئی میں 22 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی ہے ۔ اب گھانا کو صرف ایک میچ کھیلنا ہے جو اتوار کو کوموروس کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ، اکرا سپورٹس سٹیڈیم میں ہوگا۔ اگر یہ میچ برابر بھی رہا تو گھانا کی ٹیم 2026 فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لے گی، جو آئندہ سال امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔گھانا کے شائقین اس شاندار کارکردگی پر پرجوش ہیں اور ٹیم کو آئندہ میچ میں بھی کامیابی کی امید ہے۔

متعلقہ عنوان :