شوبز چھوڑنے کے چار سال بعد ان کی سعود سے شادی ہوئی،جویریہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:35

شوبز چھوڑنے کے چار سال بعد ان کی سعود سے شادی ہوئی،جویریہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) اداکارہ جویریہ سعود نے اعتراف کیا ہے کہ سعود سے شادی کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ایک مرد کا ساتھ عورت کو کس قدر مضبوط بنانے سمیت اسے کتنا تحفظ فراہم کرتا ہے۔جویریہ سعود نے نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ محبت ایک بار نہیں بلکہ بار بار ہو سکتی ہے اور یہ کہ عورتیں بھی متعدد بار محبت کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سماج میں عام طور پر مرد بار بار محبت کرتے ہیں لیکن ایسا بالکل نہیں کہ عورتیں دوبارہ محبت نہیں کرتیں۔ان کے مطابق عورتوں میں بار بار محبت کرنے کی جرئت نہیں ہوتی جب کہ مرد دوسری یا تیسری محبت کی خاطر اپنی 30 سالہ شادی تک توڑ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

جویریہ سعود نے کہا کہ بار بار محبت کرنے والے لوگ نہ صرف شادیاں ختم کردیتے ہیں بلکہ وہ اپنے بچوں تک کو چھوڑ دیتے ہیں اور ایسے لوگ پھر کبھی کسی کے نہیں ہو تے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں یک طرفہ محبت دیمک کی طرح انسان کو اندر ہی اندر سے کھا جاتی ہے۔پروگرام میں با کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ شادی سے قبل ہی انہوں نے شوبز کو خیرباد کہ دیا تھا اور ان کی شادی مکمل طور پر ارینج میریج تھی۔اداکارہ کے مطابق پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی)میں کام کے وقت ماحول اچھا تھا، پھر نجی ٹی وی چینلز آنے کے بعد شوبز کا ماحول خراب ہوا تو انہوں نے اداکاری چھوڑ دی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خواتین کے ساتھ شوبز میں بدتمیزی ہوتے ہوئے دیکھی اور ان کے ساتھ بھی کچھ نامناسب واقعات پیش آنے لگے تھے، جس وجہ سے انہوں نے شوبز کو چھوڑ دیا تھا۔جویریہ سعود کا کہنا تھا کہ ان کے گھر میں کبھی کسی مرد نے کسی عورت کو گالی نہیں دی تھی لیکن شوبز میں پھر طاقتور لوگ عورتوں کو ان کے سامنے گالیاں دینے لگے تو انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہ دیا۔اداکارہ کے مطابق شوبز چھوڑنے کے چار سال بعد ان کی سعود سے شادی ہوئی اور پھر سعود نے اپنا پروڈکشن ہاوس شروع کرکے اپنے ڈرامے بناکر ان میں کام کرنے کا منصوبہ بنایا۔انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد ہی انہیں احساس ہوا کہ عورت کی زندگی میں مرد کا آنا اسے کس قدر مضبوط بنانے سمیت اسے تحفظ فراہم کرتا ہے۔