پاکستانی راک بینڈ ’’خودغرض‘‘کا بھارتی گلوکار کو خراج عقیدت، سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:57

پاکستانی راک بینڈ ’’خودغرض‘‘کا بھارتی گلوکار کو خراج عقیدت، سوشل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) کہا جاتا ہے کہ موسیقی کی کوئی زبان نہیں ہوتی البتہ سروں کے ذریعے دلوں کو جوڑا جاسکتا ہے ، ایسا ہی کچھ پاکستانی بینڈ خود غرض کے کراچی میں منعقد ہونے والے حالیہ کنسرٹ میں ہوا۔ راک بینڈ خودغرض اپنے منفرد انداز کی وجہ سے نوجوانوں میں خاصہ مقبول ہے لیکن کراچی میں ہونے والا کنسرٹ خودغرض کے لیے بھی ایک منفرد تجربہ ثابت ہوا۔

اس کی وجہ آنجہانی بھارتی گلوگار زوبن گارگ کو پیش کیا جانے والا ٹربیوٹ تھا۔

(جاری ہے)

خودغرض کی جانب سے زوبن گارک کا مقبول ترین گانا یا علی پرفارم کیا گیا۔ یہ گانا 2006 میں بالی وڈ کی فلم گینگسٹر کے لیے زوبن نے گایا تھا اور پاکستان بھارت دونوں ممالک میں خاصہ مقبول تھا۔ اس فلم کے ڈائریکٹر انوراگ باسو تھے جبکہ کاسٹ میں کنگنا رناوت، عمران ہاشمی، شائنی اہوجہ سمیت دیگر فنکار شامل تھے۔بینڈ کی جانب سے جب زوبن کے گانے پر پرفارمنس پش کی گئی تو سامعین خوشی سے جھوم اٹھے۔کنسرٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور بھارتی میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی خبر کی صورت میں شائع کی گئیں۔