حکومتی وفد کی صدرآصف زرداری سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 14:32

حکومتی وفد کی صدرآصف زرداری سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) حکومتی وفد کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، نوابشاہ میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ملاقات میں موجود تھے، حکومتی وفد خصوصی جہاز پر نوابشاہ پہنچا تھا، حکومتی وفد نے صدر آصف زرداری کی خیریت دریافت کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات تعمیری اور خوشگوار ماحول میں ہوئی، ملاقات میں ملک میں سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا، علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو بھی ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے صدرِ مملکت کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس سے متعلق آگاہ کیا، اسحاق ڈار نے عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں اور اہم علاقائی معاملات پر صدر کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنمائوں کے حالیہ بیانات کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی پیغام بھی صدر آصف زرداری کو پہنچایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ ایاز صادق صاحب آپ کے ہوتے ہوئے بھی دیکھیں کیا ہورہا ہے، صدر زرداری نے مسکراتے ہوئے کہا ڈار صاحب بھی ہمیشہ افہام و تفہیم کی بات کرتے ہیں تو اب ایسا کیا ہوا، اپنے دوستوں سے بولیں سوچ سمجھ کر بیانات دیا کریں، صدر زرداری نے کہاکہ میں بھی پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو سمجھائوں گا کہ وہ بھی تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

صدر آصف زرداری نے کہاکہ ہم تو کھلے دل سے جمہوریت کی خاطر آپ کے ساتھ تعاون کررہے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ بیانات کی وجہ سے معاملات خراب ہوں۔حکومتی وفد نے صدر زرداری کو یقین دہانی کرائی کہ اب مسلم لیگ ن کی طرف سے بھی کوئی متنازعہ بیان سامنے نہیں آئے گا، ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے مابین کشیدگی ختم کرنے پر اتفاق ہوا۔ دونوں طرف سے سخت بیانات نہ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔اس ملاقات کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق واپس اسلام آباد پہنچ گئے،اسپیکر سردار ایاز صادق نے ملاقات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔