الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا۔ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا جبکہ حلقہ بندیوں کے لیے الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کمیٹیوں اور حلقہ بندی اتھارٹیز کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے، تمام اضلاع میں حلقہ بندی اتھارٹیز اپنا کام شروع کر چکی ہیں، پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل 12 اکتوبر سے شروع ہوگا اور حد بندی کمیٹیاں 31 اکتوبر تک ابتدائی فہرستیں تیار کریں گی، حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں یکم نومبر کو شائع کی جائیں گی جبکہ ووٹرز 2 نومبر سے 16 نومبر تک حلقہ بندی اتھارٹیز کے سامنے اعتراضات جمع کروا سکیں گے، جس پر حد بندی کمیٹیاں 30 نومبر تک تمام اعتراضات پر سماعت کر کے فیصلے جاری کریں گی اور 8 دسمبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں جاری کر دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق حلقہ بندی کے عمل تک کسی بھی انتظامی یونٹ یا مقامی حکومت کی حدود میں تبدیلی نہیں کی جائے گی، تمام مقررہ افسران کو حلقہ بندیوں کے اختتام تک موجودہ عہدوں پر برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا،کسی ضلع، تحصیل یا میٹروپولیٹن کارپوریشن کی سرحدوں میں ردوبدل نہیں کیا جا سکے گا، اس سارے پراسس پر عملدرآمد کی نگرانی صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔