تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول (کل )سے لوک ورثہ اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ زرین خان مگسی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) بلوچستان کے پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت و سیاحت زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول (کل) جمعہ   سے لوک ورثہ اسلام آباد میں شروع ہوگا، فیسٹیول کا افتتاح بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کریں گے ، تین روزہ گرینڈ ٹورازم فیسٹیول میں بلوچستان کی ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اس بات کا اعلان انہوں نے سیکرٹری سیاحت بلوچستان سہیل الرحمان  و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار وزارت سیاحت و ثقافت ،پی ٹی ڈی سی ، لوک ورثہ  کے اشتراک سے بلوچستان کی تقافت کو فروغ دینے اور اسے دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول کروایا جا رہا ہے، بلوچستان ثقافت کے لحاظ سے بہت ذرخیز علاقہ ہے،فیسٹیول میں لوک فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ ڈرامہ آرٹسٹ تھیٹر کے ذریعے اپنی ثقافت کو پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں بلوچستان کا آرٹ ورک بھی ڈسپلے کیا جائیگا جبکہ نامور شخصیات اس حوالے سے پینل ڈسکشن بھی کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بعد کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی فیسٹیول کروائے جائیں گے ، لوگ فیسٹیول سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کا کام پالیسی بنانا اور سہولیات فراہم کرنا ہے، ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کا روشن اور مثبت چہرہ دنیا کو دکھائیں۔پارلیمانی سیکرٹری سیاحت بلوچستان سہیل الرحمان نے کہا کہ یہ 39 واں پروگرام ہے جو وہ اپنے بجٹ کے اندر رہتے ہوئے منعقد کروا رہے ہیں، وفاق اور صوبہ ملکر منصوبے بنائیں گے تو کافی سارے مسائل خود بخود حل ہوتے چلے جائیں گے۔