پولیس شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویلفیئر اقدامات جاری

جمعرات 9 اکتوبر 2025 18:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس شہداء کے اہلخانہ میں گھروں کی تعمیر کیلئے مالی معاونت اور زیر تعلیم بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقد کی گئی۔آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 16 پولیس شہداء کے اہلخانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے 80 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔

ہر خاندان کو 05 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے مالی امداد فراہم کی گئی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ 2017ء سے قبل کے 42 شہداء کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے اب تک 7 کروڑ 65 لاکھ روپے فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ 737 شہداء کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس اور 20 کو اپارٹمنٹس دیے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے تقریب میں 22 پولیس شہداء کے زیر تعلیم ہونہار بچوں میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔

راولپنڈی کے 3، گجرات کے 3، شیخوپورہ اور سیالکوٹ کے 2 ،گوجرانوالہ کے 2، اوکاڑہ اور پی ایچ پی گوجرانوالہ کے 2 جبکہ لاہور چکوال، ملتان، خانیوال، جھنگ اور ڈی جی خان کے ایک ایک شہید کے بچے کو لیپ ٹاپ دیا گیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ رواں سال کے دوران 88 جبکہ گزشتہ اڑھائی سال میں 211 شہداء کے بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔پنجاب پولیس 2017ء سے قبل کے شہداء کے خاندانوں کو پلاٹس کی فراہمی کے بعد اب گھروں کی تعمیر میں بھی مالی مدد فراہم کر رہی ہے۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ایس پی یو اینڈ ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔