کوہاٹ ،پہلی بار ڈویژنل ایجوکیشنل کانفرنس کے کامیاب انعقاد کیلئے اجلاس ،مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعرات 9 اکتوبر 2025 18:58

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) کوہاٹ میں پہلی مرتبہ ڈویژنل ایجوکیشنل کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس(مردانہ) ظہور خان نے کی۔اجلاس میںاورکزئی ‘ کرک اورہنگ کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مردانہ و زنانہ) نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژن کی سطح پر ہونے والی ایجوکیشنل کانفرنس کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایاگیا کہ ڈویژنل ایجوکیشنل کانفرنس ایک اہم تعلیمی اجلاس ہے جس کا مقصد تعلیمی نظام میں بہتری لانا، اساتذہ و طلبہ کی کارکردگی کو مؤثر بنانااور تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرناہے۔اجلاس میں اس کانفرنس کے انعقاد کے لیے مختلف تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا جن میں شرکاء کی فہرست ، ایجنڈا کی ترتیب، سیشن کے موضوعات، تعلیمی کارکردگی کے اعداد و شمار اورپریزنٹیشن کی تیاری شامل تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس موقع پر یہ بھی طے کیا گیا کہ کانفرنس میں تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کی تربیت، امتحانی نظام میں شفافیت، طلبہ کے نتائج میں بہتری، اسکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کے مسائل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔