آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے نئے بھرتی ہونیوالے اسسٹنٹس کی ملاقات

جمعہ 10 اکتوبر 2025 11:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے صوبہ بھر سے پنجاب پولیس میں شمولیت اختیار کرنے والے 51 اسسٹنٹس نے جمعہ کے روز لاہورسنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے نئے بھرتی ہونیوالے اسسٹنٹس کو پولیس فورس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ پیشہ وارانہ امور کی بہترین انجام دہی کیلئے اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں ۔

محنتی، قابل اور تجربہ کار آفس سٹاف محکمہ کے ستون کا درجہ رکھتے ہیں، بھرپور محنت اور جوش و جذبے سے فرائض ادا کرتے ہوئے کیرئیر میں ترقی کی منازل طے کریں۔انہوں نے کہا کہ نئے اسسٹنس کی محکمہ میں شمولیت سے خالی آسامیاں پر ہوجائیں گی، دفتری امور کی انجام دہی میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نئے بھرتی ہونیوالوں میں ایم فل، ایم اے، ایم ایس سی، بی ایس سی اور ایل ایل بی کی ڈگریاں رکھنے والے اسسٹنٹس شامل ہیں۔

بھرتی ہونے والے اسسٹنٹس کو پنجاب پولیس کے تمام یونٹس کی مختلف برانچز میں تعینات کیا گیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔