پیرو کی صدر دینا بولوارٹے کے خلاف مواخذے کی تحریک کامیاب

جمعہ 10 اکتوبر 2025 12:27

لیما (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) جنوبی امریکی ملک پیرو کی صدر دینا بولوارٹے کے خلاف مواخذے کی تحریک کامیاب ہو گئی۔ رائٹرز کے مطابق پیرو کی پارلیمنٹ نے صدر دینا بولوارٹے کو عہدے سے برطرف کر دیا، یہ فیصلہ جمعہ کی نصف شب کے فوراً بعد متفقہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا،بولوارٹے کی برطرفی کے لیے ’’اخلاقی نااہلی‘‘ کی بنیاد پر پیش کی گئی قرارداد کی منظوری دی گئی ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر کے خلاف مواخذے کے حق میں 130 رکنی کانگریس کے 124 ارکان نے ووٹ دیا۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کے ووٹ کے بعد دینا بولوارٹے نے صدارتی محل سے قوم سے خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اسی کانگریس نے جس نے 2022 کے آخر میں مجھے صدر منتخب کیا تھا، اب مجھے برطرف کر دیا ہے جس کے ملک میں جمہوری استحکام پر سنگین اثرات ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ میں نے ہر موقع پر اتحاد کی اپیل کی مگر افسوس کہ سیاسی تقسیم بڑھتی گئی۔رپورٹ کے مطابق جمعرات کی رات اراکینِ پارلیمنٹ نے دینا بولوارٹے کو اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے طلب کیا تاہم وہ ایوان میں پیش نہ ہوئیں۔ اراکین نے ان کی غیرحاضری میں فوری مواخذے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں برطرف کر دیا۔