سکھر میں انسداد پولیو مہم بارے تربیتی ورکشاپ منعقد ، ضلعی انتظامیہ و محکمہ صحت کے افسران کی شرکت

جمعہ 10 اکتوبر 2025 12:55

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) انسداد پولیو مہم 2025ء، سکھر میں آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد، ضلعی انتظامیہ و محکمہ صحت کے افسران نے بھرپور شرکت کی ۔ انسداد پولیو کی قومی مہم 2025ء کے سلسلے میں روٹری پبلک اسکول سکھر میں ایک شاندار آگاہی اور تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد تھے جبکہ ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر علی گل شاہ، ڈاکٹر تنویر عباسی، آغا سمیع اللہ، ڈاکٹر وقار احمد، ڈاکٹر جمال اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے دیگر اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

تقریب کا مقصد 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم سے قبل ہیلتھ ورکرز اور فیلڈ ٹیموں کو عملی تربیت اور بریفنگ فراہم کرنا تھا تاکہ مہم کے دوران ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچائے جا سکیں۔

(جاری ہے)

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، یہ صرف محکمہ صحت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مشن ہےانہوں نے فیلڈ ورکرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خدمات دیانتداری اور ذمہ داری سے انجام دیں تاکہ سکھر کو پولیو فری ضلع بنایا جا سکے۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر علی گل شاہ نے اپنے خطاب میں مہم کے تکنیکی پہلوؤں، حفاظتی اقدامات اور والدین میں شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر تنویر عباسی اور دیگر مقررین نے کہا کہ آگاہی مہم پولیو کے خاتمے کی بنیاد ہے، فیلڈ ورکرز کو ہر گھر تک رسائی یقینی بنانی ہوگی۔سیشن کے دوران آگاہی ویڈیوز اور معلوماتی مواد کے ذریعے شرکاء کو پولیو وائرس کے خطرات اور بچاؤ کی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا گیا۔

آخر میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ او نے مہم میں شامل ٹیموں کے جذبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سکھر کی تمام ٹیمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق انسداد پولیو مہم 13 اکتوبر سے 17 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی جس کے دوران تمام بچوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سکھر نے مہم کے باقاعدہ آغاز پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم 2025ء کا افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :