لاہور آپریشن، 615 تجاوزات اور 1633 غیر قانونی بینرز ہٹا دیے گئے،ضلعی انتظامیہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لاہور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے عزم کے تحت ضلعی انتظامیہ لاہور کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔پنجاب حکومت کی "ستھرا پنجاب" مہم کے تحت شہر بھر میں گرینڈ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے دوران جمعہ کے روز615 تجاوزات اور 1633 غیر قانونی بینرز ہٹا دیے گئے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کیمطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل کی سربراہی میں ٹیمیں شہر کی مختلف مارکیٹوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر متحرک ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی تجاوزات کے خاتمے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی ہر تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور شہر کی اہم شاہراہوں کی روزانہ کی بنیاد پر سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ لاہور کو تجاوزات سے پاک، صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانا ہمارا عزم ہے۔ آخری تجاوزات کے خاتمے تک گرینڈ آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔