مستقل چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ کی تعیناتی سے متعلق کیس ، پنجاب حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے مستقل چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ کی تعیناتی سے متعلق کیس میں پنجاب حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس خالد اسحاق نے مستقل چیئرمین لاہور بورڈ کی تعیناتی سے متعلق شہری شاہنواز کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب نے کمشنر لاہور کو لاہور تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج دے رکھا ہے جو کہ قانون اور میرٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وکیل نے کہا کہ تعلیمی بورڈ ایک خودمختار ادارہ ہے اور ان کے انتظامی امور کسی انتظامی افسر کو بطور اضافی ذمہ داری نہیں سونپے جا سکتے۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کمشنر لاہور کو دیا گیا چیئرمین بورڈ کا اضافی چارج واپس لینے کا حکم دیا جائے اور مستقل چیئرمین کی تقرری قانون کے مطابق کی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ تعلیمی اداروں کے معاملات شفاف اور قانون کے مطابق چلنے چاہئیں تاکہ تعلیمی معیار متاثر نہ ہو۔

جسٹس خالد اسحاق نے حکومت پنجاب سے استفسار کیا کہ مستقل چیئرمین کی تعیناتی میں تاخیر کی کیا وجوہات ہیں ۔ عدالت نے حکومت پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ واضح کیا جائے کہ مستقل تقرری کب تک عمل میں لائی جائے گی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔