Live Updates

امن کے بغیر ترقی، خوشحالی اور انصاف ممکن نہیں،فضل حکیم خان یوسفزئی

پی ٹی آئی نے ماضی میں بھی امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ،آج بھی نہیں کرے گی، وزیر لائیو سٹاک خیبرپختونخوا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:44

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ امن ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ امن کے بغیر ترقی، خوشحالی اور انصاف ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ماضی میں بھی امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا تھا اور آج بھی نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ امن، انصاف اور انسانی وقار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ کسی بھی قسم کی بدامنی یا انتشار ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ پی ٹی آئی عوام کے تعاون سے امن و استحکام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔فضل حکیم خان نے کہا کہ قائد عمران خان کی رہائی پاکستانی عوام کی آواز ہے اور ہم سب ان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان اس ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی حقوق کے لیے بے گناہ جیل میں قید ہیں، ہم ان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن اور قانون کے پابند لوگ ہیں آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ سوات کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی کوشش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کبل میں ایک بڑے عوامی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزرا ڈاکٹر امجد علی، ملک لیاقت علی خان، شفقت آیاز، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، تحصیل میئر اور چیئرمینان، پی ٹی آئی کے عہدیداران، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ سوات کے عوام اور پی ٹی آئی کارکنان نے اجتماع کے ذریعے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے قائد عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور حقیقی آزادی کے مشن میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

شرکا نے پرامن انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سوات سمیت پورے خیبرپختونخوا میں پائیدار امن، انصاف، عمران خان، بشری بی بی اور دیگر قیادت کی رہائی کے حق میں نعرے بلند کیے۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ سوات کے عوام امن پسند ہیں، اور یہاں کے لوگ ہمیشہ ملک کے امن و استحکام کے لیے صف اول میں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد سعید سوات کے بہادر، مخلص اور باکردار نمائندے ہیں جو امن، ترقی اور عوامی حقوق کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مراد سعید کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ عوامی خدمت اور امن کے قیام کے اپنے مشن کو جاری رکھ سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات