کے ڈی اے مزدوریونین کے زیر اہتمام عظیم الشان محفلِ میلاد مصطفی ﷺ کا انعقاد

جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) کے ڈی اے مزدور یونین کے زیراہتمام سوک سینٹر کراچی میں ایک روح پرور اور عظیم الشان محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مزدور تنظیموں کے رہنماؤں، سرکاری افسران اور سینکڑوں ملازمین نے عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔تقریب کی صدارت چیئرمین کے ڈی اے مزدور یونین عبدالمتین شیخ نے کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

دیگر معزز مہمانوں میں سنی تحریک کے رہنما بلال عباس قادری، شعیب رضا قادری، جماعت اہلِ سنت کے صاحبزادہ اسد احمد مجددی، مخدوم زادہ سید خورشید حسین رضوی، محمد انور شیخ، غلام نبی شاہ، سید دلشاد حسین (صدر ایمپلائز یونین سی بی ای)، عبدالمعروف (جنرل سیکریٹری)، قمر عباس، محمد اشرف (سرپرستِ اعلیٰ کے ڈی اے لیبر یونین)، اور قمر ظفر خان (صدر یونائٹڈ لیبر یونین) شامل تھے۔

(جاری ہے)

محفلِ میلاد میں ملک کے معروف نعت خواں الحاج صدیق اسماعیل، عبدالباسط شیخ اور سید حسن عسکری نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کر کے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔اس موقع پر ممتاز عالمِ دین علامہ مظفر حسین شاہ قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''حضور نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کے لیے سب سے بڑی نعمت ہے۔ آپ ﷺ کی سیرت اور تعلیمات آج بھی ہمارے مسائل کا بہترین حل پیش کرتی ہیں۔

میلاد مصطفیٰ ﷺ ہمیں محبت، اخوت، رواداری اور اتحاد کا درس دیتا ہے، اور ہمیں چاہیے کہ ان سنہری اصولوں کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔محفل کے اختتام پر درود و سلام کی پرنور فضاء میں ملک و ملت کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعدازاں شرکاء کے لیے ضیافتِ میلاد کا بھی اہتمام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :