پولیو مہم، کوئٹہ میں 4 لاکھ 76 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین کیساتھ وٹامن اے سپلیمنٹس بھی دیے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:00

ْکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اہم ریڈینس میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ڈی ایچ او، ڈپٹی ڈی ایچ او، نیشنل ای او سی کے اراکین، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسران، متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جامع پلان مرتب کیا گیا۔اس مہم کے دوران ضلع کوئٹہ میں 4 لاکھ 76 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کے سپلیمنٹس بھی دیے جائیں گے۔پولیو مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے 1641 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ مہم کے دوران عملے کی حفاظت اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے 1420 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام ادارے، محکمے اور فیلڈ ٹیمیں بھرپور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔

متعلقہ عنوان :