ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان کی زیرِ صدارت مختلف اقوام کے مشران اور قبائلی عمائدین کے ساتھ ایک اہم اجلاس

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان کی زیرِ صدارت مختلف اقوام کے مشران اور قبائلی عمائدین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایس پی سردار نصراللہ خان حمزازئی اور ایس ڈی پی او کریم مندوخیل سمیت متعدد افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی لورالائی نے کہا کہ لورالائی میں امن و امان کی بہتری اور منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے علاقہ معتبرین کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

لورالائی ایک پُرامن علاقہ ہے جہاں تمام اقوام باہمی تعاون سے سکونت پذیر ہیں۔ پولیس اور قبائلی عمائدین کے درمیان ہمیشہ مثبت تعلقات قائم رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریاک (افیون) اور بھنگ کے فصل سیزن کے آغاز کے پیش نظر ہم ایک بار پھر علاقے کے معتبرین، عمائدین اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے ذریعے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ منشیات کی کاشت سے مکمل اجتناب کیا جائے۔

(جاری ہے)

کیونکہ اس کی وجہ سے نوجوان نسل اور معاشرہ تباہ ہوتا ہے۔ایس ایس پی نے واضح کیا کہ اس سال اگر کسی نے منشیات کی فصل کاشت کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جس سے ان کا شناختی کارڈ بلاک اور زمین سرکاری تحویل میں لی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر زمیندار زیتون کی کاشت پر توجہ دیں تو اس سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ علاقے کا نام بھی روشن ہوگا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ تمام اقوام اپنے علاقوں میں ملک دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ پولیس ہر وقت عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔اجلاس کے شرکاء نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں قبائلی معتبرین سردار سکندر حیات جوگیزئی، سردار ثاقب کدیٰزئی، ملک امان ناصر، سردار جعفر اوتمانخیل، سردار فاروق حمزازئی، چیئرمین مارکیٹنگ کمیٹی ملک عبدالملک اوتمانخیل، ملک نورالدین خدرزئی، زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنما سیٹھ عطااللہ اوتمانخیل، وڈیرہ اجمل مردانذئی عبدالہادی اخونذادہ، سردار فرحت اوتمانخیل، اخترشاہ شیخ، ملک جمالدین اوتمانخیل، ملک سلطان جلالزئی اور ملک نصیب اوتمانخیل سمیت دیگر عمائدین کو مدعو کیا گیا تھا۔