یونیورسٹی کے ایک وفد نے الحاق کالجز میں جاری ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام (اے ڈی پی) کے امتحانات کا معائنہ کیا۔

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی ہدایت پر یونیورسٹی کے ایک وفد نے الحاق کالجز میں جاری ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام (اے ڈی پی) کے امتحانات کا معائنہ کیا۔وفد میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شکیل احمد اور اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات ندیم جان شامل تھے۔

وفد نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گوادر، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر اور گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج پسنی کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے اے ڈی اور بی ایس پروگرامز کے فال سمسٹر 2025 کے مڈٹرم امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وفد نے امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے امتحانی عمل کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مناسب نگران عملے کی تعیناتی، امتحانی ہالز میں نشستوں کی ترتیب،وقت اور امتحانی شیڈول کی پابندی، نظم و ضبط، شکایات کی رپورٹنگ کا طریقہ کار، طلبہ کی حاضریوں کی تصدیق، پرچوں کی سیکریسی اور جوابی کاپیوں کے معیار کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں، وفد نے متعلقہ کالجز کے پرنسپلزاورنمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور تعلیمی و امتحانی معیار میں مزید بہتری کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے امتحانات کے دوران نظم و ضبط اور شفافیت برقرار رکھنے کے لیے پرنسپلز اور ان کی ٹیموں کی کمٹمنٹ کو سراہا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن پہلے ہی رجسٹرار آفس، کوالٹی انہانسمنٹ سیل، الحاق کمیٹی، شعبہ امتحانات اور پبلک ریلیشنز آفس کو ہدایات جاری کر چکے ہیں کہ وہ الحاق کالجز کے ساتھ اکیڈمک، انتظامی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ اے ڈی اور بی ایس پروگرامز کے امتحانی نظام میں معیار کو بہتر بنانے کے علاوہ تمام تدریسی معاملات کو یونیورسٹی کے سمسٹر رولز اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گائیڈ لائنز سے ہم آہنگ کیاجاسکے۔

ترجمان کے مطابق یہ تمام اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ یونیورسٹی آف تربت نے مکران ڈویژن کے تمام الحاق کالجز میں تدریسی معاملات میں معیار اورامتحانات میں شفافیت برقرار رکھنے کے علاوہ ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کاعزم کرکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :