اسلامی یونیورسٹی سٹوڈنٹ رِیل مقابلہ 2025 کے نتائج کا اعلان

جمعہ 10 اکتوبر 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) میں منعقدہ سٹوڈنٹ رِیل مقابلہ 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ مقابلے کے حتمی نتائج کے اعلان کے لئے جیوری کا اجلاس کونسل ہال، ایڈمنسٹریشن بلاک میں منعقد ہوا۔ یہ مقابلہ صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی ہدایت پر ان گمنام محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا جو یونیورسٹی کی ترقی میں خاموشی سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

فائنل مرحلے میں 14 منتخب رِیلز کو تخلیق، کہانی، تکنیکی معیار اور موضوعاتی مطابقت کی بنیاد پر جانچا گیا۔ جیوری میں ایکسپریس نیوز کے سینئر صحافی اور مواد تخلیق کار فیاض محمود، ڈاکٹر اسماء منصور، ڈاکٹر قراة العین ملک، ڈاکٹر روح الامین، ڈاکٹر انعام الحق اور محمد نعمان شامل تھے۔

(جاری ہے)

نتائج کے مطابق سیدہ زینب تحسین اور ان کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی، محمد مزمل حسین دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ تیسری پوزیشن ساقب عالم کو ملی۔

جیوری نے تمام طلبہ کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اور اعلان کیا کہ غیر کامیاب شرکاء کو بھی تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ صدر جامعہ جلد ایک خصوصی تقریب میں فاتحین اور شرکاء کو نقد انعامات، شیلڈز اور اسناد دیں گے، جس کا اہتمام پروٹوکول اور تعلقات عامہ کے دفتر کی جانب سے کیا جائے گا۔