سعودی عرب کا صحرائی علاقہ’’عروق بنی معارض‘‘ عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 11:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) اقوام متحدہ کی تعلیمی ، سائنسی و ثقافتی تنظیم ’’یونیسکو‘‘ نے سعودی عرب کے ربع الخالی کے مغربی کنارے پر واقع ’’عروق بنی معارض‘‘ نامی قدرتی محفوظ علاقے کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں درج کرلیا ہے۔اردو نیوز نے سعودی خبررساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے حوالے سے بتایا کہ عروق بنی معارض کا علاقہ عالمی سطح پر وہ پہلا علاقہ ہے جسے قدرتی عالمی ورثے میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عروق بنی معارض کی قدرتی پناہ گاہ کا علاقہ سعودی عرب کے معروف صحرا ربع الخالی کے مغربی کنارے پر واقعے ہے ، یہ صحرائی علاقہ 12 ہزار 750 مربع کلومیٹر سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے جو استوائی ایشیا کی واحد متصل ریتلی پٹی اور دنیا کا سب سے بڑا اور مسلسل ریتلا خطہ شمار ہوتا ہے۔مذکورہ محفوظ پناہ گاہ میں 900 سے زائد پودوں اور جانوروں کی اقسام پائی جاتی ہیں ۔ یہاں نایاب و معدومیت کے خطرے سے دوچار جانور بھی ہیں ان میں دنیا کا عربی چیتا اور پہاڑی و ریتلے علاقے کے ہرن بھی شامل ہیں جبکہ 120 مقامی جنگلی پودوں کی اقسام بھی اس قدرتی صحرائی علاقے میں موجود ہیں۔ عروق بنی معارض کا صحرائی علاقہ اپنی غیرمعمولی عالمی قدرتی اہمیت کی وجہ سے ممتاز ہے۔