سی سی ڈی ملتان اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 11:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) چھجو شاہ نہر کے قریب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ملتان اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ٹیم معمول کے گشت کے دوران چھجو شاہ نہر کے نزدیک موجود تھی کہ دو مشکوک افراد موٹرسائیکل پر سوار آلے والی پل کی سمت سے آتے دکھائی دیے۔

پولیس کی جانب سے رکنے کا اشارہ کرنے پر دونوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

(جاری ہے)

پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیاگرفتار ڈاکو کی شناخت فلک شیر سکنہ بستی بوٹے والہ شیر شاہ کے نام سے ہوئی، جو سرقہ بالجبر اور موٹرسائیکل چوری کی دس سے زائد وارداتوں میں ملوث پایا گیا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ موقع سے ایک پسٹل 30 بور اور چوری شدہ موٹرسائیکل ہنڈا 125 برآمد کی گئی، جبکہ مجرم عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور جرائم سے پاک، پرامن اور محفوظ معاشرہ ہمارا ہدف ہے۔

متعلقہ عنوان :