پاکستان رائیڈرز گروپ کا ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:14

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) پاکستان رائیڈرز گروپ نے ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا جس کا مقصد متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے الوداعی ملاقات تھا ۔ملاقات میں پاکستان کے سفیر نے متحدہ عرب امارات اور اس سے باہر اپنی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں متحدہ عرب امارات بھر سے 20 سے زائد ارکان پر مشتمل اس گروپ عزم کی تعریف کی۔

یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے انہیں پاکستان کا تشخص بیرون ملک اجاگر کرنے میں اپنا کردار جاری رکھنے کی ترغیب دی۔سفیر نے امارات کے مختلف حصوں سے سفر کرکے ان کے دورے کے اختتام پر ملاقات کے لیے آنے کے ان کے جذبے کو سراہا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر نے عمر طارق کو ایک شیلڈ پیش کی، جنہوں نے گروپ کی جانب سے ایک یادگاری جیکٹ پیش کی۔

(جاری ہے)

فیصل نیاز ترمذی نے گروپ کے ارکان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد بھی دیں۔گروپ کے صدر نے سفیر ترمذی کی حمایت اور سرپرستی پر اپنی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے گروپ کی متنوع کمیونٹی سرگرمیوں میں فعال شرکت اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے کی کوششوں پر زور دیا۔اس تقریب میں سفارتخانے کے سینئر عہدیداران اور پاکستان رائیڈرز گروپ کے ارکان نے شرکت کی۔