آج بھی ہمارے معاشرے کے کئی حصوں میں بچیاں تعلیم، صحت، فیصلہ سازی کے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، چوہدری غلام مرتضی معصومی

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 18:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) بچیاں ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضامن ہیں۔ دنیا میں ترقی اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب ہم بچیوں کو برابر کے حقوق، تعلیم کے یکساں مواقع اور ایک محفوظ ماحول فراہم کریں۔ افسوسناک امر ہے کہ آج بھی ہمارے معاشرے کے کئی حصوں میں بچیاں تعلیم، صحت اور فیصلہ سازی کے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔

وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ان محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے اجتماعی جدوجہد کریں۔ ان خیالات کا اظہار بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر این جی اوز فورم کے چیئرمین چوہدری غلام مرتضیٰ معصومی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ این جی اوز فورم تعلیمِ نسواں، تحفظِ حقوقِ اطفال، اور خواتین کی خود مختاری کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے والدین، اساتذہ اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بچیوں کے لیے سازگار تعلیمی ماحول فراہم کریں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ بچی ہی ایک باشعور ماں اور مضبوط قوم کی بنیاد رکھتی ہے۔چوہدری غلام مرتضیٰ معصومی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بچیوں کی تعلیم کے فروغ اور کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے قانون سازی اور عمل درآمد کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کو بااختیار بنانا ہی حقیقی ترقی کی ضمانت ہے۔

متعلقہ عنوان :