پاکستان میں پہلی بارخاتون کے عطیہ کردہ قورنیہ کی کامیاب پیوند کاری، بصارت کی بحالی کا تاریخی سنگِ میل

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 22:48

پاکستان میں پہلی بارخاتون کے عطیہ کردہ قورنیہ کی کامیاب پیوند کاری، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) پاکستان نے بصارت کی بحالی کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا، پہلی بار ایک خاتون کی جانب سے عطیہ کیے گئے قورنیہ کی کامیاب پیوندکاری کی گئی ہے۔آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف اوفتھامولوجی میں پاک فوج کے ماہر سرجنز نے 2 سپاہیوں میں قورنیہ کی کامیاب پیوند کاری کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔

میجر جنرل (ر) ظفر مہدی عسکری کی مرحوم اہلیہ کی وصیت پر قورنیہ اے ایف آئی او کو عطیہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

30 سالہ سپاہی علی اللّٰہ اور 26 سالہ سپاہی فلک شیر کی آنکھوں میں قورنیہ کی کامیاب پیوند کاری کی گئی ہے۔دونوں سپاہی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں اپنی بصارت سے محروم ہوئے تھے۔دوسری جانب مرحومہ کی بیٹی زہرا مہدی نے والدہ کی قربانی پر فخر کا اظہار کیا ہے۔زہرا مہدی نے کہا کہ سب سے بڑا اعزاز یہ ہے کہ والدہ کی آنکھیں 2 بہادر فوجیوں کو عطیہ کی گئیں، والدہ کے عطیہ کردہ قورنیہ سے سپاہیوں کی زندگی میں روشنی لوٹ آئی جوصدقہ جاریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اے ایف آئی او کی جدید سرجری سے بصارت کی بحالی کا تاریخی کارنامہ قابلِ تحسین ہے۔