ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت مری کی جانب سے انسدادڈینگی سرگرمیاں تیز ، گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی خصوصی ہدایت پر ڈینگی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اظہر محمود عباسی نے مسیاڑی اور دریا گلی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا جس کے دوران تحصیل ہیلتھ انسپکٹر/ڈینگی فوکل پرسن لیگل اور انٹامالوجسٹ مری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران انسدادِ ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور عوام میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ذوالفقار ستی نے تحصیل ہیلتھ انسپکٹر کوٹلی ستیاں کے ہمراہ مختلف علاقوں کا معائنہ کیا جبکہ انٹامالوجسٹ نے اپنے اپنے علاقوں گہل، چارہان، پھگواڑی، انگوری پوٹھا شریف، اور دیول میں انڈور اور آؤٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ ریسکیو 1122 سمیت تمام سرکاری ادارے انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں میں متحرک ہیں۔ مختلف علاقوں میں انڈور ریزیڈیول اسپرے (IRS) اور فوگنگ کے ذریعے لاروا کے خاتمے کی کوششیں جاری ہیں۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ضلع مری میں ڈینگی کا کوئی نیا مریض رپورٹ نہیں ہوا۔

اب تک ضلع بھر میں ڈینگی کے 115 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کی صحت محافظ ٹیموں سے مکمل تعاون کریں، اپنے گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور کھلے برتنوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے اگر ہم اجتماعی طور پر اپنی ذمہ داری ادا کریں کیونکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔

متعلقہ عنوان :