محکمہ داخلہ نے پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کا یوٹیوب چینل لانچ کر دیا

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وطن سے محبت اور ہم وطنوں کی خدمت کا جذبہ لیے 1 لاکھ 43 ہزار سے زائد شہریوں نے سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کروا لی،ابتک 85,910 مردوں کیساتھ 57,078 خواتین نے بھی بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروائی ہے۔ترجمان کے مطابق اس حوالے سے آگاہی پھیلانے کیلئے محکمہ داخلہ نے پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کا یوٹیوب چینل لانچ کر دیا ہے، سول ڈیفنس کے آفیشل یوٹیوب چینل کی افتتاحی تقریب محکمہ داخلہ پنجاب میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے خصوصی شرکت کی۔

صوبائی وزراء نے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے ہمراہ چینل کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاد، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی احسان علی جمالی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عاصمہ اعجاز چیمہ، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار علی خاں، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب تسنیم علی خاں، محکمہ داخلہ اور سول ڈیفنس افسران نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء کو پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کی جانب سے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں ملک و قوم کی خدمت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سول ڈیفنس کی خدمات صوبہ بھر میں پہنچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس رضاکار ہر مشکل گھڑی اور ہنگامی حالات میں ہم وطنوں کے کام آتے ہیں، عوامی آگاہی کیلئے یوٹیوب چینل کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی سول ڈیفنس کے تربیتی کورس کروائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم شہریوں تک فوری اور قابلِ اعتماد معلومات پہنچانے میں مددگار ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور محفوظ، باخبر اور ذمہ دار پنجاب کی جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب چینل سے عوامی آگاہی، تربیتی مواد اور ہنگامی رہنمائی بروقت پہنچانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ جنگی حالات ہوں، سیلاب سے متاثرہ علاقے یا سموگ کا مقابلہ، سول ڈیفنس رضاکار ہر دم تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری PCDRCOFFICIAL پر جاکر سول ڈیفنس یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کر سکتے ہیں، اسی طرح شہری بطور رضاکار سول ڈیفنس کا حصہ بننے کیلئے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر رجسٹریشن کریں۔انہوں نے کہاکہ شہری اپنی صلاحیت و قابلیت کے مطابق کسی بھی میدان میں خدمات کی فراہمی کیلئے رضاکار بن سکتے ہیں۔