حکومت عوام سے کیے گئے وعدے تیزی سے پورے کر رہی ہے ‘ راناسکندر حیات

وزیر تعلیم نے نیو جوڈیشل کمپلیکس پتوکی کے قریب ڈی پی ایس سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:15

پھولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خاں نے نیو جوڈیشل کمپلیکس پتوکی کے قریب ڈی پی ایس سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پتوکی میں تعلیمی انقلاب برپا کیا جارہا ہے، حکومت بنے ابھی ڈیڑھ سال ہی ہوا ہے مگر عوام سے کیے گئے وعدے تیزی سے پورے کیے جارہے ہیں۔

پتوکی کا کوئی ایسا دیہات نہیں رہے گا جہاں سڑک نہ بنے اور ہر بچے کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ دانش اسکول، ڈی پی ایس اور یونیورسٹی کے قیام سے علاقے کے تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان اداروں کے آغاز کے بعد ہر دیہات سے طلبہ کو لانے کے لیے بس سروس بھی فراہم کی جائے گی تاکہ کسی بچے کی تعلیم سفری مسائل کی وجہ سے متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے مزید بتایا کہ 44 سو طلبہ کے لئے جدید سکول تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں کسی قسم کی فیس یا سفری اخراجات نہیں لیے جائیں گے۔ ماضی میں جہاں ایک پرائمری اسکول بھی تعمیر نہ ہوسکا، اب وہاں اگلے پانچ سالوں میں معیاری تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے جو بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، اور آئندہ دنوں میں زراعت، صحت، تعلیم، اور پولیس سمیت ہر محکمے میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں آپ کے بچوں کے مستقبل میں ایک فیصد بھی بہتری لا سکا تو یہی میری سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔نمائندہ این این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ ہلہ اور بگھیانہ کلاں میں ڈگری کالجز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ ہر یونین کونسل میں سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی طاقت ہی وہ بنیاد ہے جس سے علاقے کی تقدیر بدلی جا رہی ہے۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات خاں ، رکن پنجاب اسمبلی محمود انور چوہدری ، ایڈیشنل ڈی جی پنجاب فورڈ اتھارٹی آصف علی ڈوگر اور ڈپٹی کمشنر قصور سمیت دیگر سیاسی سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔