سری لنکا کے نو مقرر قونصل جنرل کے اعزاز میں سفارتی ظہرانہ

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) کے ایچ اے بزنس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز اور کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے سفارتی ظہرانہ کا انعقاد کیا گیا، جو سری لنکا کے نئے تعینات قونصل جنرل، سنجیوا پٹیویلا کے اعزاز میں شالیمار ہال، جِمخانہ میں منعقد ہوا۔اس پر وقار تقریب میں مختلف ممالک کے معزز سفارتکاروں نے شرکت کی جن میں عمان، مراکش اور یمن کے قونصل جنرلز، سابق صوبائی وزیرِ داخلہ بریگیڈیئر (ر)حارث نواز، کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر شمیم فِرپو، انگلش اسپیکنگ یونین کے صدر پرویز مدرساوالا، جیلانی یوسف، عتیق الرحمن، جناب عظمت سومرو اور علی حیدر سمیت کاروباری اور سفارتی طبقے کی نمایاں شخصیات شامل تھیں۔

ظہرانے کی میزبانی چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال، چیئرمین کے ایچ اے بزنس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز اور چیئرمین ڈپلومیٹک افیئرز سی اے پی کفیل حسین اور سینئر وائس چیئرمین سی اے پی عبدالسلام دادا بھوئی نے کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانِ خصوصی عرفان سومرو، ڈائریکٹر جنرل وزارتِ خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔یہ تقریب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مکالمے اور شراکت داری کو فروغ دینے کا مثر ذریعہ ثابت ہوئی، جو دونوں ممالک کے باہمی ترقی اور عالمی ہم آہنگی کے عزم کی عکاس ہے۔