المصیلح قصبے میں شہری اور تجارتی تنصیبات پر حالیہ اسرائیلی جارحیت ، سلامتی کونسل میں شکایت درج کرا رہے ہیں،لبنان

پیر 13 اکتوبر 2025 11:10

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے اعلان کیا ہے کہ سلامتی کونسل میں اسرائیل کے خلاف شکایت درج کرا رہے ہیں۔ العربیہ اردو کےمطابق نے گزشتہ روز اپنے ایکس اکاؤنٹ پر انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر خارجہ یوسف رجی کو ٹیلی فون کیا اور ان سے المصیلح قصبے میں شہری اور تجارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے والی حالیہ اسرائیلی جارحیت کے بارے میں سلامتی کونسل میں فوری شکایت درج کرانے کو کہا ، یہ اسرائیلی کارروائی قرارداد 1701 کی صریح خلاف ورزی اور گزشتہ نومبر میں دشمنی کے خاتمے کے جاری کردہ اعلامیے کے بھی خلاف ہے۔

اسرائیل کے 10 فضائی حملوں میں المصیلح قصبے کی سڑک پر6بلڈوزر اور ایکسویٹر شو رومز کو نشانہ بنایا گیا جس سے 300 بلڈوزر اور دیگر سامان تباہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا وزارت صحت نے ایک شامی شہری کی موت اور 2 خواتین سمیت 7 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ لبنانی حکام نے ان حملوں کی شدید مذمت کی ۔ اس تناظر میں لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل )نےگزشتہ روز کہا کہ اس کا ایک اہلکار اس وقت زخمی ہوگیا جب اسرائیلی ڈرون نے ایک بم گرایا جو جنوب میں اس کی ایک پوزیشن کے قریب پھٹ گیا۔

صرف ایک ماہ کے دوران اس طرح کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ یو این آئی ایف آئی ایل نے کہا کہ ہفتے کو اسرائیل کی جانب سے ہونے والا حملہ قرارداد 1701 کی ایک اور سنگین خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 2006 میں شروع ہونے والے تنازعے کو ختم کیا اور 27 نومبر 2024 کو دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کی بنیاد رکھی ،تاہم اسرائیل نے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔