پی ٹی آئی کی مذہبی جماعت کے مارچ کیخلاف کریک ڈاؤن کی مذمت

عوام پر گولی چلانا صرف نفرت پیدا کرسکتی ہے، یہ ایک قبیح، گھٹیا اور غیر انسانی عمل ہے، جسے کسی جمہوری معاشرے میں برداشت نہیں کیا جا سکتا، مناسب مذاکرات کیے جاتے تو یقینأ کوئی حل نکل آتا؛ پارٹی اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 اکتوبر 2025 16:25

پی ٹی آئی کی مذہبی جماعت کے مارچ کیخلاف کریک ڈاؤن کی مذمت
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2025ء ) تحریکِ لبیک کے رہنماؤں اور ورکرز پر کریک ڈاؤن اور پر پاکستان تحریکِ انصاف نے ردِعمل جاری کردیا۔ سینٹرل انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پی ٹی آئی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف شدید ترین الفاظ میں مریدکے اور دیگر مقامات پر تحریکِ لبیک کے خلاف طاقت کے بےجا استعمال اور خون ریزی کی سخت مذمت کرتی ہے، یہ ایک قبیح، گھٹیا اور غیر انسانی عمل ہے، جسے کسی جمہوری معاشرے میں برداشت نہیں کیا جا سکتا، عوام پر گولی چلانا صرف نفرت پیدا کر سکتی ہے لیکن یہ کبھی بھی مسئلے کا حل نہیں بن سکتی، 26 نومبر کو بھی یہی عمل اختیار کیا گیا اور حالیہ واقعات میں فائرنگ کے جو مناظر دیکھنے میں آئے وہ نہایت افسوسناک اور دردناک ہیں، تحریکِ انصاف اس ظالمانہ عمل کی پوری شدت سے مذمت کرتی ہے، انصاف کے حصول، قانون کی حکمرانی و شہری حقوق کے تحفظ تک پرامن اور آئینی طریقوں سے جاری کسی بھی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مریدکے سے آنے والی تصویریں اور ویڈیوز انتہائی تشویشناک ہیں، جو مناظر سامنے آ رہے ہیں وہ کسی بھی شہری کے ساتھ کیے جانے والے ظلم کی انتہا ہیں، اگر احتجاج شروع ہونے سے پہلے مناسب مذاکرات کیے جاتے تو یقینأ اس مسئلے کا کوئی حل نکل آتا لیکن اس ملک میں پہلے جبری گمشدگیاں نارمل کی گئیں، پھر جعلی پولیس مقابلوں کو قابلِ تعریف بنا کر انعام دیئے گئے اور اب براہِ راست فائرنگ کو بطور نیا غیر تحریری اصول اپنایا جا رہا ہے، یہ سلسلہ ریاستی (احتساب کے نام پر بے رحمی) کا تسلسل ہے اور اس کی سنگینی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

سینٹرل انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو آمرانہ ذہنیت ترک کرنی چاہیئے، طاقت کے اندھے استعمال سے نہ تو مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی انصاف قائم رہے گا، ہم حکومت سے سختی سے مطالبات کرتے ہیں کہ فوری طور پر زخمیوں کو طبی امداد اور شہداء کے اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے، ملزمان کی جلد از جلد غیر جانبدار اور شفاف عدالتی تحقیق کروائی جائے اور جو بھی ملوث ہو اسے سخت سزا دی جائے، گرفتار تمام کارکنان اور خواتین کو بلامشروط رہا کیا جائے اور لوٹی گئی اشیاء واپس کی جائیں، آئندہ کسی بھی پرامن احتجاج پر براہِ راست فائرنگ نہ کرنے کی واضح ضمانت دی جائے۔

پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سیاسی مقدمات کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے اور بےگناہوں کے خلاف کارروائیاں بند کی جائیں، میڈیا پر پابندیوں اور سنسرشپ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ حقائق عوام تک پہنچ سکیں، اگر ریاست خود شفافیت نہیں دکھا سکتی تو آزاد مبصرین اور انسانی حقوقی اداروں کو تحقیقات میں شامل کیا جائے، ہم یہ مطالبات بار بار دہرائیں گے کہ اقتدار وقتی ہوتا ہے، تاریخ یاد رکھتی ہے، ظلم کا راستہ کبھی قوم کو مستقل فائدہ نہیں دے سکتا، گولیاں مار کر آپ احتجاج ختم کر سکتے ہیں مگر آپ تاریخ میں ظلم کے مرتکب کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔