جناح ویمن یونیورسٹی اور او ڈبلیو ایس ڈی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیر 13 اکتوبر 2025 20:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) آرگنائزیشن فار ویمن اِن سائنس فار ڈیویلپنگ ورلڈ، پاکستان نیشنل چیپٹر (او ڈبلیوایس ڈی-پی این سی) اور جناح ویمن یونیورسٹی، کراچی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کا مقصد علمی تحقیق کو فروغ دینا، صنعت کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا اور تعلیمی و صنعتی روابط کو استحکام بخشنا ہے۔

یہ مفاہمتی یادداشت جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)میں آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ کی موجودگی میں دستخط کی گئی۔ دستخط کی تقریب کے دوران ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کی ممتاز پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر بینا صدیقی اور مس شگفتہ نورین، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف بایوٹیکنالوجی، جناح ویمن یونیورسٹی، نے بالترتیب او ڈبلیو ایس ڈی اور جناح یونیورسٹی کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

دونوں اداروں کے سینئر عہدیداران اور فیکلٹی ممبران نے اس موقع پر شریک تھے۔ پروفیسر محمد رضا شاہ نے دونوں اداروں کی اس مشترکہ کاوش کو سراہا اور اسے پاکستان میں سائنسی تحقیق کو فروغ دینے اور تعلیم و صنعت کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر بینا صدیقی نے کہا کہ دی آرگنائزیشن فار ویمن اِن سائنس فار ڈیویلپنگ ورلڈ ترقی پذیر ممالک کی خواتین سائنسدانوں کو بااختیار بنانے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ان کے کردار کو مستحکم کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق، دونوں ادارے مشترکہ طور پر عوامی تقریبات، جیسے کہ کانفرنسز، سیمینارز، ورکشاپس، اور آگاہی مہمات کا انعقاد کریں گے، خاص طور پر ایس ٹی ای ایم، تعلیم اور سائنس میں خواتین کی شمولیت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔