ایف بی آر کی آر ٹی او پشاور کے دو اہلکاروں کی بزدلانہ حملہ میں شہادت کے المناک واقعہ کی شدید مذمت

پیر 13 اکتوبر 2025 20:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ریجنل ٹیکس آفس پشاور کے دو اہلکار سپاہی مقدر علی اور سپاہی نذر محمد نے جام شہادت نوش کیا، یہ افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ دونوں اہلکار سیلز ٹیکس ایکٹ، 1990 کی دفعہ D 40 کے تحت کوہاٹ ٹول پلازہ کے نزدیک قائم چیک پوسٹ پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

پشاور میں ایف بی آر کی سینئر قیادت چیف کمشنر پشاور اور کمشنروں نے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ایف بی آر ان شہدا کی قربانی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور ان اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاخاس طرح کے بزدلانہ اور مذموم حملے ایف بی آر کے قومی محصولات کے تحفظ اور ٹیکس قوانین کی انفورسمنٹ کے لئے اپنی ذمہ داریاں تندہی سے پوری کرنے کے عزم کو مزید تقویت دیں گے۔

(جاری ہے)

اس غم کی گھڑی میں ایف بی آر شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہے، بورڈ متاثرہ خاندانوں کو مکمل تعاون اور غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کراتا ہے اور اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ پوری ایف بی آر فیملی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے،ایف بی آر کی قیادت نے شہدا کے اہل خانہ کو حکومت کی پالیسی کے مطابق ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بورڈ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام مالی اور دیگر سہولیات بغیر کسی تاخیر کے ان خاندانوں تک پہنچائی جائیں۔ سپاہی مقدر علی اور سپاہی نذر محمد کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :