ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے ،سیکرٹری مواصلات و تعمیرات

پیر 13 اکتوبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے ، روڈ نیٹ ورک اور بلڈنگز کے تعمیراتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ، عوامی سہولت کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے لورالائی میں کئی منصوبے جاری ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصوبوں کے معیار کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف انجینئر ساجد بلوچ،ایکسین بی اینڈ آر احمد دین ایکسین بی اینڈ آر اور ایس ڈی او محمدانور لونی موجود تھے ۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو لعل جان جعفر نے یورنیورسٹی روڈ،لورالائی ٹو سنجاوی روڈ،ہائی کورٹ زیرتعمیر بلڈنگ،لورالائی میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا باریک بینی سے معائنہ کرتے ہوئے ترقیاتی امور کا مشاہدہ کیا اور ایگزیکٹو انجینئر روڈز وبلڈنگ سے منصوبے کے معیار اور تکمیل کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے تفصیلی آگاہی حاصل کی۔سیکرٹری نے ہدایت کی کہ حکام بالا کے احکامات کی روشنی میں تمام امور کو معیاری بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ، منصوبے کو مقررہ مدت اور پی سی ون کے عین مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت سہولتیں میسر آسکیں۔

متعلقہ عنوان :