Live Updates

کمشنرڈیرہ غازی خان کا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

پیر 13 اکتوبر 2025 21:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے رات گئے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی ایم ایس انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر ایمن، ہسپتال انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔کمشنر نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی خدمت میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے اور ہر مریض کو بلا تفریق علاج و معالجے کی بہترین سہولت فراہم کی جائے ۔اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحتِ عامہ کے شعبے میں بہتری کے لیے جاری اقدامات عوامی خدمت کے جذبے کا مظہر ہیں۔

کمشنر نے عملے کو مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی، بہتر رویے اور بروقت علاج یقینی بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کی صفائی، مشینری، ادویات کی دستیابی اور ایمرجنسی وارڈ میں سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل مانیٹرنگ اور وزٹ جاری رہیں گے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو بہترین صحت سہولیات میسر آسکیں۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات