پولیو ٹیمیں مہم کے دوران اپنے مقررہ اہداف مکمل کریں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت

پیر 13 اکتوبر 2025 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت صداقت علی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈی ایچ او گلگت، اسسٹنٹ کمشنر دنیور،اسسٹنٹ کمشنر گلگت ، ایڈیشنل ایس پی گلگت، نمائندہ ڈبلیو ایچ او گلگت سمیت متعلقہ محکموں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت صداقت علی نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ ضلع گلگت کو پولیو سے مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ایڈیشنل ڈی ایچ او گلگت نے اجلاس کو پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں میں ہدف کے مطابق کام سرانجام دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر ہدایت جاری کی کہ پولیو ٹیمیں مہم کے دوران اپنے مقررہ اہداف مکمل کریں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈی ایچ او گلگت اور تینوں سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنرز پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں تاکہ مہم کے دوران درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے جاری اس قومی مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ مستقبل کی نسلوں کو معذوری سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :