پیرس اولمپکس2024 کے فیئر پلے ایوارڈز کا اعلان

منگل 14 اکتوبر 2025 09:10

برن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی )نے پیرس اولمپکس 2024 کے فیئر پلے ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کر دیا ۔شنہواکے مطابق پیرس اولمپکس 2024 کے فیئر پلے ایوارڈز میں دو افراد اور ایک فیڈریشن کو دوستی، کھیل کے جذبے اور یکجہتی کے اظہار پر یہ اعزازات دیے گئے۔یہ ایوارڈز اولمپک میوزیم میں ایک خصوصی تقریب کے دوران دیے گئے۔

ناروے کے اتھلیٹ سینڈر سکوٹ ہائیم، سپین کے ڈی جے انتونیو روخاس اور جرمن اولمپک سپورٹس کنفیڈریشن کو کھیل کے جذبے، دوستی اور یکجہتی پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔انٹرنیشنل فیئر پلے کمیٹی، جو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی تسلیم شدہ تنظیم ہے، نے سینڈر سکوٹ ہائیم کو اس وقت سراہا جب انہوں نے پول والٹ کے مرحلے میں کوئی کامیابی حاصل نہ ہونے کے باوجود مقابلہ جاری رکھا، اور کھیل کے اصل جذبے کی مثال قائم کی۔

(جاری ہے)

سپین کے انتونیو روخاس نے پیرس اولمپکس کے دوران ایفل ٹاور سٹیڈیم میں بطور ڈی جے خدمات انجام دیں۔ خواتین کے بیچ والی بال فائنل میں برازیل کی انا پاتریشیا اور کینیڈا کی برینڈی وِلکرسن کے درمیان تلخ کلامی کو ختم کرنے کے لیے انہوں نے جان لینن کا مشہور گیت ایمیجن چلا کر ماحول کو پرامن بنا دیا۔ادھر جرمن اولمپک سپورٹس کنفیڈریشن اور اس کی قومی روئنگ فیڈریشن نے بیلاروس سے تعلق رکھنے والے انفرادی نیوٹرل ایتھلیٹ یوگینی زالَتی کو کشتی فراہم کی کیونکہ ان کی ذاتی کشتی کسٹمز میں پھنس گئی تھی۔ یوگینی زالَتی نے اسی کشتی میں سوار ہو کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ طلائی تمغہ جرمنی کے اولیور زائڈلر کے حصے میں آیا۔

متعلقہ عنوان :